بریکنگ نیوز

بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری

فروری 12, 2026 admin
بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری

بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے اور ملک بھر میں ووٹرز بڑی تعداد میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق 12 کروڑ 90 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے تقریباً 44 فیصد نوجوان ہیں، جس کے باعث اس بار نوجوانوں کا کردار فیصلہ کن تصور کیا جا رہا ہے۔

ملک کے 299 پارلیمانی حلقوں میں ووٹنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بج کر 30 منٹ پر شروع ہوئی جو شام 4 بج کر 30 منٹ تک جاری رہے گی۔ مجموعی طور پر 300 نشستوں کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں اور حکومت بنانے کے لیے 151 نشستوں پر کامیابی ضروری ہوگی۔

اہم جماعتوں میں بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی)، جماعتِ اسلامی، نیشنل سٹیزن پارٹی اور جماعتی پارٹی شامل ہیں۔ بی این پی کی جانب سے طارق رحمان وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار ہیں جبکہ جماعتِ اسلامی نے شفیق الرحمان کو اپنا مضبوط امیدوار نامزد کیا ہے۔ نیشنل سٹیزن پارٹی بھی ایک بڑے اتحاد کا حصہ بن کر انتخابی عمل میں شریک ہے۔

سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے فوج اور پولیس سمیت تین لاکھ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں تاکہ شفاف اور منصفانہ انتخابات یقینی بنائے جا سکیں۔

انتخابی مہم کے دوران جماعتِ اسلامی کے امیر شفیق الرحمان نے نوجوان ووٹرز کو اہم قرار دیتے ہوئے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں۔ دوسری جانب بی این پی کے چیئرمین طارق رحمان نے مختلف مذہبی و سماجی شخصیات کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا ہے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اس بار تاریخی ٹرن آؤٹ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے بنگلادیش کی آئندہ سیاسی سمت کا تعین ہوگا۔