اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ اسلام آباد میں خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کے دوران شہید ہونے والے عون عباس کے اہلِ خانہ کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم کی جانب سے واقعے میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے ورثا کے لیے 50، 50 لاکھ روپے مالی معاونت دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شدید زخمی افراد کو 30 لاکھ اور معمولی زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف شہید عون عباس کے گھر گئے، جہاں انہوں نے دیگر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس افسوسناک واقعے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور یہ واقعہ قوم میں تفریق ڈالنے کی کوشش تھی جو ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ افواجِ پاکستان ملک کے تحفظ کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بہادر نوجوان عون عباس نے جان پر کھیل کر دہشت گرد کو روکنے کی کوشش کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سانحہ اسلام آباد پر پوری قوم سوگوار ہے اور اس نوعیت کی بربریت کی مثال ملنا مشکل ہے۔
