لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں پہلی مرتبہ پلیئرز آکشن کا آغاز ہوگیا ہے، جس سے ایونٹ میں کھلاڑیوں کی سلیکشن کی تاریخ بدل گئی ہے۔ پہلی بار آٹھ ٹیموں پر مشتمل لیگ کے لیے ڈرافٹنگ کی بجائے آکشن کے ذریعے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جائے گا۔
ملتان سلطانز کی ٹیم اب نئے مالکان کے ساتھ ’راولپنڈی‘ کے نام سے ایونٹ میں شامل ہوگی۔ اس آکشن کے دوران پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خرید لیا۔
آل راؤنڈرز کی پہلی لاٹ میں دیگر کھلاڑیوں میں عماد وسیم، محمد جنید، مہدی حسن میراز، حسین طلعت، آصف آفریدی، دانش عزیز اور محمد ذیشان میں کسی فرنچائز نے دلچسپی نہیں دکھائی۔
دوسری لاٹ میں آسٹریلیا کے ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں حاصل کیا، جبکہ سابق جنوبی افریقی کھلاڑی رائیلی روسو کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں خریدا۔
پی ایس ایل الیون کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا، جس میں ناظرین کو کھلاڑیوں کے لیے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے۔
