بریکنگ نیوز

انڈونیشیا غزہ میں امن مشن کے لیے 8 ہزار فوجی بھیجنے کی تیاری

فروری 11, 2026 admin
انڈونیشیا غزہ میں امن مشن کے لیے 8 ہزار فوجی بھیجنے کی تیاری

انڈونیشیا نے غزہ میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنی فوج تعینات کرنے کی تیاری کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کے تحت تشکیل دیے گئے عالمی فورم کے تناظر میں انڈونیشیا نے عندیہ دیا ہے کہ وہ غزہ میں امن مشن کے لیے تقریباً آٹھ ہزار فوجی فراہم کر سکتا ہے۔

انڈونیشین آرمی چیف کے مطابق ابتدائی منصوبہ بندی کے تحت یہ فوجی سیکیورٹی، انسانی امداد کی فراہمی اور امن کے قیام سے متعلق ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ انڈونیشیا کے صدارتی ترجمان پراسیٹو ہادی نے بتایا کہ مجوزہ کثیر ملکی فورس میں مجموعی طور پر بیس ہزار فوجی شامل کیے جانے کا امکان ہے، جن میں آٹھ ہزار اہلکار انڈونیشیا فراہم کرے گا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ فورس کے مینڈیٹ، اختیارات اور ذمہ داریوں کی تفصیلات طے ہونے کے بعد ہی حتمی اعلان کیا جائے گا، اور بورڈ آف پیس کی رکنیت کے لیے درکار ایک ارب ڈالر کی ادائیگی اور دیگر امور پر مذاکرات مکمل کیے جائیں گے۔

امریکی میڈیا کے مطابق بورڈ آف پیس کے آئندہ اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو کے لیے فنڈ ریزنگ کانفرنس بھی ہو سکتی ہے، جس کا مقصد جنگ سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے مالی معاونت حاصل کرنا ہے۔

واضح رہے کہ بورڈ آف پیس میں پاکستان، سعودی عرب، ترکیہ، متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، کویت، قطر اور دیگر اہم ممالک شامل ہیں، جو مشترکہ کوششوں کے ذریعے خطے میں امن قائم کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کر لیتا ہے تو غزہ میں سیکیورٹی اور تعمیرِ نو دونوں عمل میں بہتری آ سکتی ہے، تاہم اس کی کامیابی عالمی اتفاقِ رائے اور زمینی حقائق پر منحصر ہوگی۔