کولمبو: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ اے کے 12ویں میچ میں پاکستان نے امریکا کو 32 رنز سے شکست دے دی۔ کولمبو کے ایس ایس سی گراؤنڈ میں کھیلے گئے نائٹ میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے، جواب میں امریکی ٹیم 158 رنز تک محدود رہی۔
پاکستان کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 41 گیندوں پر 73 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ بابر اعظم نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور 32 گیندوں پر 46 رنز بنائے۔ آخری اوورز میں شاداب خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 12 گیندوں پر 30 رنز بنا کر اسکور کو 190 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
امریکا کی جانب سے شادلے وین شالک وِک سب سے کامیاب بولر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 25 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، تاہم ان کی عمدہ کارکردگی کے باوجود امریکی بولرز پاکستان کو بڑا اسکور بنانے سے نہ روک سکے۔
191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔ شوبھم رنجانے نے 30 گیندوں پر 51 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی جبکہ شیان جہانگیر نے 34 گیندوں پر 49 رنز بنا کر مقابلہ زندہ رکھنے کی کوشش کی، مگر دیگر بیٹرز تسلسل کے ساتھ وکٹیں گنواتے رہے۔
پاکستان کی جانب سے اسمان طارق نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 27 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان نے 2 جبکہ شاہین شاہ آفریدی، محمد نواز اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں کامیابی کے بعد پاکستان نے گروپ اے میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی جبکہ امریکا کو ایونٹ میں دوسری شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ شائقین کرکٹ کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور شاداب خان کی کارکردگی کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
