پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا
حکومتِ پاکستان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف شیڈول میچ کے بائیکاٹ کو ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت پاکستانی ٹیم مقررہ شیڈول کے مطابق میگا ایونٹ میں شرکت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاسوں کے نتائج سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ حکومتِ پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ارسال کی گئی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک کی جانب سے موصول ہونے والی تحریری مراسلت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ ان مراسلات میں حالیہ چیلنجز کے حل کے لیے پاکستان کے قائدانہ کردار کی درخواست کی گئی تھی۔
حکومت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کے بیان کا بھی نوٹس لیا، جبکہ برادر ملک کی جانب سے اظہارِ تشکر کو خلوص اور گرمجوشی کے ساتھ قبول کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آج سری لنکا کے صدر انورا کمارا دسانائیکے سے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوستانہ ماحول میں اس بات کو یاد کیا کہ پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ بالخصوص مشکل اوقات میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے رہے ہیں۔ سری لنکن صدر نے موجودہ تعطل کو خوش اسلوبی سے حل کرنے پر سنجیدہ غور کرنے کی درخواست کی۔
کثیرالملکی مشاورت اور دوست ممالک کی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتِ پاکستان نے ہدایت کی ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے شیڈول شدہ میچ میں شرکت کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ اور عالمی سطح پر اس کھیل کے تسلسل کی حمایت کے لیے کیا گیا ہے۔ وزیراعظم اور عوامِ پاکستان نے ’’مین اِن گرین‘‘ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ قومی ٹیم اسپورٹس مین اسپرٹ اور قومی وقار کے ساتھ عالمی اعزاز کے لیے مقابلہ کرے گی۔
