بریکنگ نیوز

2031 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں ہوگا

فروری 9, 2026 admin
2031 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں ہوگا

2031 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں ہوگا، آئی سی سی کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ 2031 کا آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بنگلہ دیش میں منعقد کیا جائے گا۔ آئی سی سی کے مطابق بھارت کے ساتھ حالیہ تنازعے کے تناظر میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) پر کوئی مالی، انتظامی یا کھیلوں سے متعلق جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان کھلی، تعمیری اور خوشگوار بات چیت ہوئی، جس میں آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 اور جنوبی ایشیا میں کرکٹ کے مستقبل سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی سی سی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش ٹیم کی عدم شرکت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی سی بی ایک باوقار فل ممبر ہے اور عالمی کرکٹ کی ترقی میں اس کا کردار اہم رہا ہے۔ آئی سی سی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ 200 ملین سے زائد شائقین رکھنے والی اس متحرک کرکٹ مارکیٹ میں کھیل کی ترقی کا عمل جاری رکھا جائے گا، تاکہ قومی ٹیم کی عدم موجودگی کے طویل مدتی منفی اثرات سے بچا جا سکے۔

بیان کے مطابق، بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ تنازعے کے حوالے سے آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ بی سی بی کو تنازعات کے حل کی کمیٹی (ڈی آر سی) سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہے، جو آئی سی سی کے موجودہ ضوابط کے تحت برقرار ہے۔

اس مفاہمت کے تحت یہ بھی طے پایا ہے کہ بنگلہ دیش 2031 کے ورلڈ کپ سے قبل ایک آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ 2031 کے ورلڈ کپ کی میزبانی دینا، بنگلہ دیش کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار ہے۔

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی غیر موجودگی افسوسناک ضرور ہے، لیکن اس سے بنگلہ دیش کے ساتھ آئی سی سی کی طویل المدتی وابستگی متاثر نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے مواقع پیدا کرنا اور عالمی کرکٹ ماحولیاتی نظام میں سرمایہ کاری جاری رکھنا آئی سی سی کی ترجیحات میں شامل ہے۔