بریکنگ نیوز

عراق،صدام حسین کے قریبی ساتھی کو پھانسی دے دی گئی

فروری 9, 2026 admin
عراق،صدام حسین کے قریبی ساتھی کو پھانسی دے دی گئی

عراق میں سابق صدر صدام حسین کے قریبی ساتھی میجر جنرل سعدون صبری جمیل القیسی کو پھانسی دے دی گئی۔ عراقی حکومت کے مطابق سعدون القیسی کو انسانیت کے خلاف سنگین جرائم میں قصوروار قرار دیا گیا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق عراق کی نیشنل سیکیورٹی سروس نے بتایا کہ سعدون القیسی 1980 میں معروف شیعہ عالم محمد باقر الصدر اور ان کی بہن بنت الہٰدی کو سزائے موت دینے میں ملوث تھے۔ اس کے علاوہ وہ مذہبی الحکیم خاندان کے متعدد افراد اور دعوت اسلامی سے تعلق رکھنے والے درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کے قتل میں بھی شریک رہے۔

حکام کے مطابق سعدون القیسی کو مکمل اور منصفانہ عدالتی کارروائی کے بعد پیر کے روز پھانسی دی گئی۔ وہ 2003 میں صدام حسین کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام فرار ہو گئے تھے اور تقریباً بیس برس بعد فروری 2023 میں عراق کے شہر اربیل پہنچے، جہاں چند ماہ بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

سعدون القیسی صدام دور میں کئی اہم عہدوں پر فائز رہے، جن میں ریاستی سلامتی کے ڈائریکٹر کے ساتھ ساتھ بصرہ اور نجف میں ڈائریکٹر سیکیورٹی کے عہدے شامل تھے۔