بریکنگ نیوز

آئی سی سی اور پی سی بی مذاکرات،کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا

فروری 9, 2026 admin
آئی سی سی اور پی سی بی مذاکرات،کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا

آئی سی سی اور پی سی بی مذاکرات،کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا- آئی سی سی اور پی سی بی مذاکرات، کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا،ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے بائیکاٹ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے وفد اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی ملاقات بغیر کسی حتمی فیصلے کے ختم ہو گئی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی شرائط سے آئی سی سی وفد کو آگاہ کرتے ہوئے معاملہ حکومت پاکستان کے سپرد کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ نے پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کی درخواست کی، تاہم مذاکرات کے دوران پی سی بی نے اپنا مؤقف واضح رکھا۔ ملاقات کے اختتام پر آئی سی سی وفد اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر ہوٹل روانہ ہو گئے۔

یہ ملاقات پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں ہوئی جس میں پاک بھارت میچ سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام، چیئرمین پی سی بی کے اسپیشل ایڈوائزر عامر، چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سمیر سید اور چیف آپریٹنگ آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر بھی شریک تھے۔

مذاکرات کا سلسلہ تین گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا اور طے شدہ وقت کے باوجود بات چیت کو مزید آگے بڑھایا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ اور امین الاسلام مرکزی کردار کے طور پر موجود رہے۔

واضح رہے کہ پاک بھارت میچ کے حوالے سے آئی سی سی وفد کا یہ دورہ پاکستان کرکٹ کے لیے اہم تصور کیا جا رہا ہے، کیونکہ حالیہ عرصے میں ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور بڑے ایونٹس کے انعقاد سے متعلق مثبت پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

عمران خواجہ عالمی کرکٹ میں ایک اہم عہدے پر فائز ہیں اور پالیسی سازی میں ان کا کردار نمایاں سمجھا جاتا ہے۔ ان کی پاکستان آمد کو کرکٹ حلقوں میں مستقبل کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔