بریکنگ نیوز

انگلینڈ کے خلاف شاندار کھیل،نیپال کو ڈیل اسٹین کی کوچنگ کی پیشکش

فروری 8, 2026 admin
انگلینڈ کے خلاف شاندار کھیل،نیپال کو ڈیل اسٹین کی کوچنگ کی پیشکش

انگلینڈ کے خلاف شاندار کھیل،نیپال کو ڈیل اسٹین کی کوچنگ کی پیشکش کردی ئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں انگلینڈ کے خلاف جاندار کارکردگی دکھانے والی نیپال کرکٹ ٹیم کی تعریفوں کے پل باندھ دیے گئے۔ سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے نیپالی ٹیم کی کارکردگی سے متاثر ہو کر اپنی خدمات پیش کرنے کا اعلان کر دیا۔

ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیپال کو 185 رنز کا ہدف دیا۔ ہدف کے تعاقب میں نیپالی ٹیم نے بھرپور اعتماد کے ساتھ بیٹنگ کی اور عالمی چیمپئن انگلینڈ کو سخت دباؤ میں رکھا۔ نیپال نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے اور صرف 4 رنز سے میچ ہار گئی۔

میچ کا فیصلہ کن مرحلہ آخری اوور میں آیا، جہاں نیپال کو جیت کے لیے 10 رنز درکار تھے، تاہم انگلش آل راؤنڈر سیم کرن نے ذمہ دارانہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 5 رنز دیے اور انگلینڈ کو کامیابی دلائی۔ اگرچہ نیپال فتح حاصل نہ کر سکا، مگر اس کی جرات مندانہ کارکردگی نے شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے۔

میچ کے بعد ڈیل اسٹین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر نیپال کرکٹ ٹیم کو کبھی ان کی ضرورت پڑی تو وہ خوشی سے اپنی خدمات پیش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیپالی کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ اور جذبہ واضح نظر آتا ہے۔

نیپال کی تعریف کرنے والوں میں دیگر سابق عالمی کھلاڑی بھی شامل ہو گئے۔ سابق بھارتی اسٹار یووراج سنگھ نے نیپالی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ایک کے خلاف آخری گیند تک مقابلہ کیا اور ثابت کیا کہ یقین اور حوصلہ بڑے کارنامے انجام دے سکتا ہے۔

سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے بھی نیپال کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے سنسنی خیز مقابلے ہی کرکٹ کو مزید دلکش بناتے ہیں، نیپالی کھلاڑیوں نے غیر معمولی مہارت اور اعتماد کا مظاہرہ کیا۔