بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین پاکستان پہنچ گئےہیں۔ وہ آئی سی سی کے اہم ہنگامی اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان آئے ہیں، جہاں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق حالیہ صورتحال پر مشاورت کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق امین الاسلام پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کی اہم میٹنگز میں حصہ لیں گے، جبکہ آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس آن لائن منعقد ہوگا جس میں مختلف بورڈز کے سربراہان شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات بھی متوقع ہے، جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملات، بنگلادیش کی ٹورنامنٹ سے علیحدگی اور خطے میں کرکٹ سے جڑے سکیورٹی خدشات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ باہمی کرکٹ تعلقات اور مستقبل کے امکانات بھی گفتگو کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی اجلاس میں شرکت کے بعد امین الاسلام آج شام ہی ڈھاکا واپس روانہ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے سکیورٹی خدشات اور ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں کے باعث اپنے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی، جسے آئی سی سی نے مسترد کرتے ہوئے بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا اور اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔
اس فیصلے پر پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے سخت احتجاج ریکارڈ کرایا تھا اور بطور احتجاج 15 فروری کو شیڈول پاک بھارت گروپ میچ کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا ہے۔
