بریکنگ نیوز

اسلام آباد مسجد خودکش حملہ آور کی شناخت،افغانستان سے تربیت کا انکشاف

فروری 6, 2026 admin
اسلام آباد مسجد خودکش حملہ آور کی شناخت

اسلام آباد مسجد خودکش حملہ آور کی شناخت،افغانستان سے تربیت کا انکشاف-اسلام آباد میں مسجد پر ہونے والے خودکش حملے میں ملوث بمبار کی شناخت کر لی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق حملہ آور نے افغانستان میں دہشتگردی کی باقاعدہ تربیت حاصل کی تھی اور وہ متعدد مرتبہ افغانستان کا سفر بھی کر چکا تھا۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان میں سرگرم مختلف دہشتگرد گروہ طالبان حکومت کی سرپرستی میں خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، جبکہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگرد کارروائیوں کے پیچھے افغانستان اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے شواہد موجود ہیں۔ ذرائع نے واضح کیا کہ پوری قوم ایسی بزدلانہ کارروائیوں کے خلاف متحد اور سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور کی شناخت نادرا ریکارڈ کے ذریعے کی گئی۔ حملہ آور کا تعلق پشاور سے تھا اور اس کی عمر 32 سال بتائی گئی ہے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں نماز جمعہ کے دوران خودکش دھماکے کے نتیجے میں 31 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو مسجد میں داخل ہونے سے روکا گیا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دھماکے سے قبل فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔

واقعے کے بعد پولیس، فوج اور رینجرز کے دستوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر پمز اور پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔ تمام اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔