امریکا ایران جوہری مذاکرات آج مسقط میں،اعلیٰ سطحی وفود عمان پہنچ گئے-امریکا اور ایران کے درمیان متوقع جوہری مذاکرات آج عمان کے دارالحکومت مسقط میں ہونے جا رہے ہیں،
جس کے لیے دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود عمان پہنچ چکے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی نمائندہ خصوصی برائے مشرق وسطیٰ سٹیو وٹکوف مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی وفد میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں جو سٹیو وٹکوف کے ہمراہ عمان پہنچے۔ دوسری جانب ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ عباس عراقچی آج صبح مسقط میں امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات میں باضابطہ طور پر شریک ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق ایران ان مذاکرات میں مکمل اختیارات کے ساتھ شرکت کر رہا ہے اور اس کا مقصد ایک منصفانہ، باہمی طور پر قابلِ قبول اور باوقار مفاہمت تک پہنچنا ہے۔ ایرانی مؤقف ہے کہ بات چیت صرف جوہری معاملات تک محدود رکھی جائے گی۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات ابتدائی طور پر ترکیہ کے شہر استنبول میں جمعے کو طے تھے، تاہم بعد ازاں ایران کی درخواست پر مذاکرات کا مقام تبدیل کر کے عمان منتقل کر دیا گیا۔ ایران نے مقام کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ مذاکرات میں علاقائی شراکت داروں کو شامل نہ کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
