بریکنگ نیوز

امریکا ایران جوہری مذاکرات بحال،پاکستان کو دعوت

فروری 3, 2026 admin
امریکا ایران جوہری مذاکرات بحال،پاکستان کو دعوت

امریکا ایران جوہری مذاکرات بحال،پاکستان کو دعوت-پاکستان کو امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کی دعوت ملنے کی باضابطہ تصدیق کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد میں دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کو ان مذاکرات میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق پاکستان کی شرکت کے حوالے سے مشاورت جاری ہے اور جلد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ مذاکرات میں پاکستان کی نمائندگی کس سطح پر ہوگی۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان یہ مذاکرات رواں ہفتے ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق بات چیت کے لیے پسِ پردہ سفارتی کوششیں کی جاتی رہیں، جن میں پاکستان اور ترکیہ نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے، تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان ہونا باقی ہے۔

دوسری جانب غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق ایرانی حکام نے بھی تصدیق کی ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات ایک طویل وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہونے جا رہے ہیں۔ یہ مذاکرات مئی 2023 کے بعد تعطل کا شکار تھے۔

علاقائی ذرائع کے مطابق استنبول میں ہونے والی بات چیت میں سعودی عرب، قطر، عمان، مصر، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

ایرانی سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران مذاکرات کے حوالے سے نہ زیادہ پُرامید ہے اور نہ ہی مایوس، جبکہ بات چیت سے یہ واضح ہوگا کہ امریکا سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کا خواہاں ہے یا نہیں۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ اس کی دفاعی صلاحیتوں پر کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی اور ملک ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہے۔