ٹی20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کے ممکنہ بائیکاٹ پر آئی سی سی کا ردعمل سامنے آگیا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کھیل کے عالمی اصولوں کی یاد دہانی کرا دی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کسی بھی باضابطہ فیصلے سے آگاہ ہونے کا منتظر ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ کسی ایک یا مخصوص میچ میں عدم شرکت عالمی اسپورٹس ایونٹس کے بنیادی اصولوں سے ہم آہنگ نہیں، جہاں تمام ٹیموں سے طے شدہ شیڈول کے مطابق مساوی بنیادوں پر مقابلے کی توقع کی جاتی ہے۔
آئی سی سی کا کہنا تھا کہ عالمی ٹورنامنٹس کھیل کی سالمیت، مسابقت، تسلسل اور انصاف کے اصولوں پر قائم ہوتے ہیں، جبکہ مخصوص میچز میں شرکت سے ان مقابلوں کی افادیت متاثر ہو سکتی ہے۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ آئی سی سی قومی پالیسی معاملات میں حکومتوں کے کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم اس قسم کے فیصلے پاکستان سمیت دنیا بھر کے شائقینِ کرکٹ کے مفاد میں نہیں اور بین الاقوامی کرکٹ کے نظام کو متاثر کر سکتے ہیں۔
آئی سی سی نے مزید کہا کہ ادارے کی اولین ترجیح مینز ٹی20 ورلڈ کپ کا کامیاب انعقاد ہے، جس کی ذمہ داری پی سی بی سمیت تمام رکن ممالک پر عائد ہوتی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان ایسا حل تلاش کرے گا جو تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی مفادات کا تحفظ کرے اور ٹورنامنٹ کی کامیابی کو یقینی بنائے۔
