بریکنگ نیوز

پاکستان ورلڈ کپ کھیلے گا،بھارت کیخلاف میچ نے کھیلے گا

فروری 1, 2026 admin
پاکستان ورلڈ کپ کھیلے گا،بھارت کیخلاف میچ نے کھیلے گا

پاکستان نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت اور آئی سی سی کے مبینہ جانبدارانہ اور متعصبانہ رویے کے خلاف احتجاجاً یہ بڑا قدم اٹھایا ہے۔

پی سی بی کے مطابق قومی ٹیم ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے سری لنکا جائے گی، تاہم 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول پاکستان اور بھارت کا میچ بائیکاٹ کیا جائے گا۔ ترجمان پی سی بی نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ حکومتِ پاکستان سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف ہے کہ بھارت نے ماضی میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان میں سکیورٹی کا بہانہ بنا کر اپنی ٹیم بھیجنے سے انکار کیا، حالانکہ آئی سی سی خود پاکستان کے سکیورٹی انتظامات کو تسلی بخش قرار دے چکی تھی۔ اس کے باوجود پاکستان کو دباؤ کے تحت بھارت کے میچز دبئی منتقل کرنا پڑے، حتیٰ کہ ایونٹ کے اہم مقابلے بھی پاکستان سے باہر کروائے گئے۔

پی سی بی کے مطابق اسی تناظر میں پاکستان نے یہ اصولی مؤقف اختیار کیا تھا کہ جس طرح بھارت پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرتا ہے، اسی طرح پاکستان بھی بھارت میں ہونے والے کسی آئی سی سی ایونٹ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجے گا۔

بعد ازاں پاکستان ویمنز ٹیم نے بھی ورلڈ کپ کے لیے بھارت جانے سے انکار کیا اور اپنے میچ سری لنکا میں کھیلے۔ اب مردوں کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے کولمبو جانے کی تیاری مکمل کر چکی تھی اور حال ہی میں سری لنکا کے خلاف وہاں ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیل چکی ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کے ساتھ بھی بھارت اور آئی سی سی کا رویہ غیر منصفانہ رہا۔ بنگلہ دیش نے سکیورٹی خدشات کے باعث بھارت سے باہر میچز کرانے کی درخواست کی، تاہم اس مطالبے کو تسلیم کرنے کے بجائے بنگلہ دیش کو ایونٹ سے ہی باہر کر دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق انہی وجوہات کی بنیاد پر بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد آئی سی سی کے دوہرے معیار اور سیاسی دباؤ کے خلاف واضح احتجاج ریکارڈ کروانا ہے۔