بریکنگ نیوز

چیف جسٹس سےسلمان اکرم راجہ کی 30 منٹ ملاقات

جنوری 30, 2026 admin
چیف جسٹس سےسلمان اکرم راجہ کی 30 منٹ ملاقات

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا نے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی، جو 30 منٹ سے زائد جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران سلمان اکرم راجا نے چیف جسٹس کو پاکستان تحریک انصاف کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ وہ صبح سے سپریم کورٹ میں موجود ہیں اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت ان کے لیے سب سے اہم معاملہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دن بھر چیف جسٹس اور اٹارنی جنرل سے ملاقاتیں اور رابطے ہوتے رہے، تاہم طویل کوششوں کے باوجود حاصل ہونے والے نتائج مکمل طور پر تسلی بخش نہیں۔ سلمان اکرم راجا کے مطابق کوششوں کے نتیجے میں اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی بہنوں کو میڈیکل رپورٹس فراہم کی جائیں گی، جبکہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد بانی چیئرمین کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی وکلا، اہل خانہ اور رفقا سے ملاقات کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ لائحہ عمل کے تعین کے لیے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس آج ہی منعقد کیا جائے گا، جبکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان سے بھی ملاقات کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے آئندہ لائحہ عمل کے اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو سونپ دیا ہے، جبکہ آج موصول ہونے والی میڈیکل رپورٹ سے بانی چیئرمین کی آنکھوں کی صورتحال واضح ہو جائے گی۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجا سپریم کورٹ پہنچے تھے۔