بریکنگ نیوز

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات

جنوری 30, 2026 admin
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات

ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف نے جمعہ کے روز جنرل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ جی ایچ کیو آمد پر ترک جنرل کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دفاعی اور عسکری امور، باہمی دلچسپی کے معاملات کے علاوہ علاقائی اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے پاک ترکیہ دفاعی اور فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں قریبی رابطوں اور باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے ترک مسلح افواج کے تعاون کو سراہا۔

ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف نے شاندار میزبانی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور تربیت، مشترکہ مشقوں اور استعداد کار بڑھانے کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔