بریکنگ نیوز

یورپی یونین کا بڑا قدم:ایرانی پاسدارانِ انقلاب دہشت گرد تنظیم قرار

جنوری 30, 2026 admin
یورپی یونین کا بڑا قدم:ایرانی پاسدارانِ انقلاب دہشت گرد تنظیم قرار

یورپی یونین نے ایک غیر معمولی اور اہم فیصلے میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب (IRGC) کو باضابطہ طور پر دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالاس نے اعلان کیا کہ یورپی وزرائے خارجہ اس فیصلے پر متفق ہو گئے ہیں۔

کاجا کالاس کا کہنا تھا کہ جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق اس فیصلے کے بعد پاسدارانِ انقلاب کو القاعدہ اور داعش جیسے شدت پسند گروہوں کی سطح پر رکھا جائے گا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ کوئی بھی حکومت جو اپنے ہی ہزاروں شہریوں کو قتل کرے، وہ دراصل اپنے خاتمے کی راہ پر چل رہی ہوتی ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس فیصلے کے باوجود ایران کے ساتھ سفارتی رابطے مکمل طور پر منقطع نہیں کیے جائیں گے۔

یورپی یونین نے اس فیصلے کے ساتھ ایران میں چھ اداروں اور 15 اعلیٰ شخصیات پر نئی پابندیاں بھی عائد کر دی ہیں، جن میں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی، پراسیکیوٹر جنرل محمد موحیدی آزاد اور صدارتی جج ایمان افشاری شامل ہیں۔ بی بی سی کے مطابق انسانی حقوق کی تنظیموں کا اندازہ ہے کہ دسمبر اور جنوری میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ہزاروں افراد ہلاک ہوئے، جن میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے مظاہرین بھی شامل تھے۔

ایران کی جانب سے اس فیصلے پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یورپی یونین کے اقدام کو ایک سیاسی اسٹنٹ قرار دیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے بھی اس فیصلے کو غیر منطقی، غیر ذمہ دارانہ اور بدنیتی پر مبنی کہا ہے۔ تہران میں جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام امریکا اور صہیونی حکومت کی بالادست اور غیر انسانی پالیسیوں کی اندھی تقلید ہے۔

پاسدارانِ انقلاب ایران میں ایک طاقتور فوجی، سیاسی اور معاشی قوت سمجھی جاتی ہے۔ یہ فورس باقاعدہ ایرانی فوج سے الگ ایک متوازی مسلح ادارہ ہے جو براہِ راست سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو جواب دہ ہے۔ 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد قائم کی جانے والی اس تنظیم کے تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار فعال اہلکار ہیں، جبکہ ریزرو سمیت مجموعی تعداد چھ لاکھ سے زائد بتائی جاتی ہے۔ پاسدارانِ انقلاب ایران کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگراموں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مشرقِ وسطیٰ میں ایرانی اثر و رسوخ بڑھانے میں بھی مرکزی کردار ادا کرتی ہے۔

واضح رہے کہ امریکا پہلے ہی 2019 میں پاسدارانِ انقلاب کو غیر ملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے، جبکہ اب یورپی یونین نے بھی یہی قدم اٹھا لیا ہے۔