بریکنگ نیوز

بیوی کو گھورنا،طلاق یا دوسری شادی کی دھمکی اور گالی دینا جرم قرار

جنوری 23, 2026 admin
بیوی کو گھورنا،طلاق یا دوسری شادی کی دھمکی اور گالی دینا جرم قرار

اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بیوی اور بچوں سمیت گھر میں رہنے والے افراد کے سماجی تحفظ کے لیے اہم قانون منظور کر لیا گیا۔ ڈومیسٹک وائلنس بل 2025 کے تحت بیوی کو گھورنا، طلاق یا دوسری شادی کی دھمکی دینا، گالی دینا یا جذباتی و نفسیاتی طور پر پریشان کرنا جرم قرار دیا گیا ہے۔

اس قانون کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پر ہوگا اور اس میں بیوی، بچوں، بزرگ افراد، لے پالک، ٹرانس جینڈر اور ایک ساتھ رہنے والے دیگر افراد شامل ہیں۔ مرتکب افراد کو تین سال تک قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

قانون کے مطابق بیوی یا گھر میں رہنے والے دیگر افراد کو جسمانی تکلیف پہنچانے کی دھمکی دینا، کسی بھی فریق پر الزام لگانا، گھر میں موجود معذور یا بزرگ افراد کا تعاقب کرنا، بیوی کو مرضی کے بغیر دیگر افراد کے ساتھ رکھنا، اور خاندان کے کسی بھی فرد کی پرائیویسی یا عزت نفس مجروح کرنا بھی قابل سزا جرم ہے۔

ڈومیسٹک وائلنس بل میں جنسی اور معاشی استحصال کو بھی شامل کیا گیا ہے، جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے پر مزید تین سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ عدالتوں کو پابند کیا گیا ہے کہ درخواست موصول ہونے کے سات روز کے اندر سماعت کریں اور 90 روز کے اندر فیصلہ جاری کریں۔

متاثرہ شخص کو مشترکہ رہائش گاہ میں رہنے کا حق حاصل ہوگا یا جوابدہ شخص اس کا بندوبست کرے گا۔ تشدد کرنے والے شخص کو متاثرہ فرد سے دور رہنے کے احکامات اور جی پی ایس ٹریکر پہننے کی ہدایت دی جائے گی۔ قانون میں گھریلو تشدد سے مراد جسمانی، نفسیاتی اور جنسی بدسلوکی ہے، جس سے متاثرہ فرد کو نفسیاتی یا جسمانی نقصان پہنچتا ہو۔