بریکنگ نیوز

چترال میں المناک حادثہ، برفانی تودے تلے دب کر 10 افراد جان سے گئے

جنوری 23, 2026 admin
چترال میں المناک حادثہ، برفانی تودے تلے دب کر 10 افراد جان سے گئے

لوئر چترال کے علاقے دمیل ارندو میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران اب تک 8 افراد کی لاشیں برف کے ملبے سے نکال لی گئی ہیں جبکہ 2 افراد کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم کا کہنا ہے کہ حادثے میں ایک بچہ زخمی بھی ہوا ہے جسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقہ انتہائی دشوار گزار ہے اور ریسکیو ٹیموں کو جائے حادثہ تک پہنچنے میں پیدل تقریباً 7 گھنٹے لگ سکتے ہیں، جس کے باعث امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور حالات کے باوجود تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ افراد کو دمیل نثار سے نگر منتقل کیا جائے گا تاکہ مزید امداد اور سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

انتظامیہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔