بریکنگ نیوز

مری اور گردونواح میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری

جنوری 22, 2026 admin
مری اور گردونواح میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری

مری اور گردونواح میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔ مری شہر کے ساتھ ایبٹ آباد، نتھیا گلی، جھیکا گلی اور گھوڑا گلی میں بھی وقفے وقفے سے برفباری ہو رہی ہے۔

مری کی مال روڈ پر رات کے وقت بڑی تعداد میں سیاح برفباری کا لطف اٹھانے کے لیے نکل آئے، جس کے باعث ہوٹلوں اور کیفیز میں خاصا رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سرد موسم کے باوجود سیاحوں کی بڑی تعداد نے پہاڑی علاقوں کا رخ کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 سے 30 گھنٹوں کے دوران مزید اور اچھی برفباری متوقع ہے، جبکہ درجہ حرارت میں مزید کمی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

برفباری کے پیش نظر مری انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا نے سیاحوں کی حفاظت کے لیے 10 نکاتی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ مری پولیس، ریسکیو اور دیگر متعلقہ ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

ڈی پی او مری نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید برفباری اور ممکنہ برفانی طوفان کے باعث غیر ضروری سفر سے گریز کریں، خاص طور پر رات کے وقت سفر نہ کریں۔ تمام چیک پوسٹوں پر موجود ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سیاح گاڑیوں میں ضروری سامان جیسے کمبل، گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیا ساتھ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے خود کو تیار رکھیں۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برفباری کے دوران سیاحوں اور مقامی افراد کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے سے خطرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔