کراچی کے مصروف علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ شاپنگ سینٹر میں لگنے والی شدید آتشزدگی کے باعث عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا ہے، جبکہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اس افسوسناک واقعے میں ایک فائر فائٹر سمیت 6 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، جبکہ متعدد افراد بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔ آگ کی شدت کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ ممکنہ طور پر شارٹ سرکٹ کے باعث پلازہ کے میزنائن فلور سے شروع ہوئی، جو تیزی سے دیگر حصوں تک پھیل گئی۔ دھویں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ کئی افراد دم گھٹنے کے باعث متاثر ہوئے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ تیسرے درجے کی ہے، جس پر قابو پانے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں سے فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔ مجموعی طور پر درجنوں فائر فائٹرز، اسنارکل اور واٹر باوزر کے ذریعے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
متاثرہ عمارت کے اطراف موجود اہلِ خانہ اپنے پیاروں کی خیریت کے لیے شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب بھی کچھ افراد مخدوش عمارت یا ملبے میں پھنسے ہو سکتے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق عمارت پرانی ہونے کے باعث آگ کے اثر سے اس کے پلرز کمزور ہو چکے ہیں، جس سے مزید حصے گرنے کا خدشہ ہے۔ اسی وجہ سے عملے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط سے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے عوام کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن قائم کر دی ہے تاکہ لاپتا افراد سے متعلق معلومات جمع کی جا سکیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہری کسی بھی قسم کی اطلاع متعلقہ نمبرز پر فراہم کر سکتے ہیں۔
امدادی اداروں کی جانب سے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور آگ پر مکمل قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
