بریکنگ نیوز

ایران میں احتجاج پھیل گیا،47 افراد ہلاک، ہزاروں گرفتار

جنوری 9, 2026 admin
ایران میں احتجاج پھیل گیا،47 افراد ہلاک، ہزاروں گرفتار

ایران میں حکومت مخالف مظاہرے شدت اختیار کر گئے ہیں اور اب یہ احتجاج 100 سے زائد شہروں تک پھیل چکا ہے۔ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کے مطابق اب تک 47 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں کئی سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ تقریباً 2,500 مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

تہران اور مشہد میں مظاہرین نے رات گئے حکومت کے خلاف مارچ کیا۔ ایران میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر بند کر دی گئی ہے، جبکہ ترکی نے استنبول سے تہران جانے والی تمام پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

ایرانی میڈیا نے کرمانشاہ میں مظاہروں کے دوران نقاب پوش افراد کی فائرنگ کی ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شرپسند مظاہرین پر حملہ کر رہے ہیں۔

سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے جمعے کے خطاب میں کہا کہ امریکا کے ہاتھ ایرانی عوام کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اور کچھ عناصر عوامی املاک کو نقصان پہنچا کر امریکی صدر ٹرمپ کو خوش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران تخریب کاروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا، مظاہرے جائز ہیں مگر احتجاج اور فساد میں فرق ہے۔

ایران نے اقوام متحدہ سے ریاستی خودمختاری کے تحفظ اور بیرونی مداخلت روکنے کا مطالبہ کیا۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ امریکی بیانات ایران کے داخلی معاملات میں مداخلت اور دھوکا دہی ہیں۔

یہ مظاہرے ایران میں جاری سیاسی کشیدگی اور بین الاقوامی تناؤ کی شدت کو ظاہر کرتے ہیں۔