دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی درخواست مسترد کر دی، جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے بنگلا دیش کی درخواست کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ بنگلا دیش کی یہ درخواست اس وقت سامنے آئی جب آئی پی ایل کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو مبینہ طور پر انتہا پسند عناصر کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے اس واقعے کے بعد اپنے میچز بھارت سے منتقل کرنے کی درخواست کی تھی، لیکن آئی سی سی نے اسے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ میچز کے شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکتی اور اگر ٹیم بھارت نہیں جاتی تو پوائنٹس کے نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ انہیں کسی بھی قسم کا الٹی میٹم نہیں دیا گیا۔ بورڈ کے ڈائریکٹر آصف اکبر نے کہا تھا کہ ہماری ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے بھارت ہرگز نہیں جائے گی، اور یہ موقف برقرار ہے۔
