بریکنگ نیوز

چکوال،مسافر بس کو حادثہ،5مسافر جاں بحق

جنوری 7, 2026 admin
چکوال،مسافر بس کو حادثہ،5مسافر جاں بحق

چکوال:تلہ گنگ کے قریب ڈھوک پٹھان کے مقام پر تیز رفتار مسافر بس خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ موڑ کاٹتے ہوئے بس گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ 7 خواتین سمیت 27 افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق بدقسمت بس راولپنڈی سے کراچی جا رہی تھی کہ خطرناک موڑ پر ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس کھائی میں جا گری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والے مسافروں اور زخمیوں کو فوری طور پر نکال کر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جس کے بعد تمام متاثرہ افراد کو ٹی ایچ کیو اسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا۔ ترجمان ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں 7 خواتین شامل ہیں جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جنہیں اسپتال میں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، ابتدائی طور پر تیز رفتاری اور سڑک کے خطرناک موڑ کو حادثے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ریسکیو آپریشن ضلعی ریسکیو آفیسر ڈاکٹر محمد عتیق کی نگرانی میں مکمل کیا گیا، جبکہ حکام کے مطابق حادثے سے متعلق مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے لائے جائیں گے۔