رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق کا لائسنس معطل-پنجاب بار کونسل نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میاں علی اشفاق کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔
کراچی میں یوٹیوبر رجب بٹ، ان کے وکیل میاں علی اشفاق اور مقامی وکلا کے درمیان پیش آنے والے تنازع نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ پنجاب بار کونسل نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے میاں علی اشفاق کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔
پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین ذبیح اللہ ناگرہ کے مطابق کراچی کی سٹی کورٹ میں پیش آنے والے جھگڑے کے معاملے کو مزید کارروائی کے لیے ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔ بار کونسل کا مؤقف ہے کہ میاں علی اشفاق وکلا کی ہڑتال کے دوران رجب بٹ کے ہمراہ سٹی کورٹ پہنچے تھے، جہاں ان کا مقامی وکلا کے ساتھ تنازع شدت اختیار کر گیا اور صورتحال ہنگامہ آرائی تک جا پہنچی۔
پنجاب بار کونسل کا کہنا ہے کہ میاں علی اشفاق کا پرائیویٹ گارڈ کے ساتھ بار میں آنا وکلا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ بار کے مطابق اس عمل سے وکلا کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی اور میاں علی اشفاق کی جانب سے وکلا کے خلاف بیان بازی بھی سامنے آئی، جس کے باعث وکلا برادری میں تقسیم پیدا ہوئی۔
ان تمام وجوہات کی بنیاد پر پنجاب بار کونسل نے میاں علی اشفاق کا لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ ڈسپلنری کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے مزید کارروائی عمل میں لائی جائے۔
