ڈھاکا:بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ اس موقع پر اہم سرکاری شخصیات اور مختلف ممالک کے سفارتی مشن بھی شریک ہوئے۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ڈھاکا پہنچے۔
بیگم خالدہ ضیا کو شیر بنگلہ نگر میں مرحوم شوہر، سابق صدر ضیا الرحمان کے پہلو میں قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔ نماز جنازہ میں بھارت، بھوٹان اور مالدیپ کے حکام بھی موجود تھے۔
خالدہ ضیا جگر کے عارضے اور دیگر بیماریوں میں مبتلا تھیں اور طویل عرصے تک ڈھاکا کے اسپتال میں زیر علاج رہیں، تاہم گزشتہ روز وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔
وہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں اور مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں۔ خالدہ ضیا نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی سربراہی کی۔
