انقرہ سے طرابلس جانے والا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں لیبیا کے آرمی چیف سمیت تمام افراد جاں بحق ہو گئے۔
ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے لیے اڑان بھرنے والا طیارہ پرواز کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق طیارے نے اڑان بھرنے کے تقریباً 30 منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع کر دیا۔ رابطہ ختم ہونے کے بعد طیارے نے انقرہ واپس آنے کی کوشش کی، تاہم لینڈنگ سے قبل ہی حادثے کا شکار ہو گیا۔
طیارے میں لیبیا کے چیف آف اسٹاف جنرل محمد علی الحداد سمیت 5 افراد سوار تھے۔ لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے آرمی چیف کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنرل محمد علی الحداد آج ترکیہ کے دورے پر تھے، جہاں انہوں نے ترک وزیر دفاع سے ملاقات کی۔ واپسی کے دوران ان کا طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔
حادثے کے بعد ترکیہ نے احتیاطی طور پر فضائی حدود عارضی طور پر بند کر دیں، جبکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
ترک وزیر داخلہ کے مطابق طیارہ شام 8 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوا تھا جبکہ 8 بج کر 52 منٹ پر اس سے رابطہ منقطع ہوا۔ طیارے کی جانب سے حیمانہ کے قریب ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع موصول ہوئی، تاہم اس کے بعد دوبارہ کوئی رابطہ قائم نہ ہو سکا۔
