بریکنگ نیوز

ایشیا کپ کی کامیابی پوری قوم کیلئے فخرہے،فیلڈ مارشل

دسمبر 22, 2025 admin
ایشیا کپ کی کامیابی پوری قوم کیلئے فخرہے،فیلڈ مارشل

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی تاریخی کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا باعث ہے، جبکہ ٹیم کا نظم و ضبط، ٹیم ورک اور فائٹنگ اسپرٹ قابلِ ستائش ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے ملاقات کی۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل نے ایشیا کپ جیتنے پر کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ اور آفیشلز کو دلی مبارکباد دی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کی محنت اور لگن پاکستان کے نوجوانوں کی بے پناہ صلاحیتوں کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ معیار برقرار رکھیں اور میدان کے اندر اور باہر پاکستان کے سفیر بنیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، نوجوانوں کی توانائی، کردار اور صلاحیتیں ہی قوم کی عالمی شناخت بنیں گی، جبکہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا قومی ترقی کی مضبوط بنیاد ہے۔

ملاقات کے دوران انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے مزید محنت اور مستقبل میں کامیابیوں کی تحریک ثابت ہوگا۔