بریکنگ نیوز

توشہ خانہ ٹو،عمران خان و بشریٰ بی بی کو مجموعی 17،17 سال قید

دسمبر 20, 2025 admin
توشہ خانہ ٹو،عمران خان و بشریٰ بی بی کو مجموعی 17،17 سال قید

توشہ خانہ ٹو،عمران خان و بشریٰ بی بی کو مجموعی 17،17 سال قید

اسلام آباد/راولپنڈی: توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 10،10 سال قید کے ساتھ پی پی سی کی دفعہ 409 کے تحت 7،7 سال کی اضافی سزا سنائی گئی، جس کے بعد مجموعی طور پر دونوں کو 17،17 سال قید اور فی کس ایک کروڑ 64 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی موجودگی میں فیصلہ سنایا، جبکہ دونوں کے وکلاء عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ 13 جولائی 2024 کو نیب نے دونوں کو اڈیالہ جیل میں گرفتار کیا تھا، اور 12 دسمبر 2024 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔ کیس کی ابتدائی انکوائری 7 جنوری 2024 کو شروع ہوئی اور 12 جولائی 2024 کو نیب نے اسے مکمل کر لیا۔ بعد ازاں ریفرنس 20 اگست 2024 کو احتساب عدالت میں دائر کیا گیا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیس ایف آئی اے کو منتقل ہوا۔

بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر الزام تھا کہ انہوں نے 2021 میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے تحفے میں موصول ہونے والے بلغاری جیولری سیٹ کی اصل قیمت کم ظاہر کر کے اسے اپنے پاس رکھ لیا۔ جیولری سیٹ میں نیکلس، بریسلیٹ، انگوٹھی اور ایرنگز شامل تھے اور اس کی کل مالیت 7 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد تھی۔