کلاچی،سیکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن،7خوارج ہلاک،1جوان شہید
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کیا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں سات خوارج ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں سیکیورٹی فورسز کے نائیک یاسر خان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردی سے پاک کیا جا سکے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری قوت سے اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔
