بریکنگ نیوز

آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی اس کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں

دسمبر 12, 2025 admin
آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی اس کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں

 

آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی اس کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں-مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ تمام اکائیوں کا حق ہے، اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کو بھی اس کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر سے متعلق سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت نواز شریف نے کی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال، آئندہ انتخابات اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر کی قیادت شاہ غلام قادر کی سربراہی میں شریک ہوئی، جب کہ گلگت بلتستان سے حافظ حفیظ الرحمن سمیت پارٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ مرکزی رہنماؤں میں سینیٹر رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، امیر مقام، پرویز رشید اور برجیس طاہر شامل تھے۔

اجلاس کے دوران شاہ غلام قادر نے نواز شریف کو آزاد کشمیر کی حکومت، کارکردگی اور الیکشن سے متعلق جامع بریفنگ دی۔ شرکا نے سیاسی اور انتخابی حکمت عملی پر اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔

نواز شریف نے اگلے ماہ دو روزہ دورہ آزاد کشمیر کرنے کا اعلان کیا، جس میں تنظیمی امور، انتخابی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کو حتمی شکل دیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے کی درخواست پیش کی، جس پر نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف سے اس بارے میں بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنا ضروری ہیں۔ انہوں نے پنجاب کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ترقیاتی منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں، اسی لیے خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور جی بی کے لوگ علاج اور دیگر سہولیات کے لیے پنجاب کا رخ کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے، کسانوں کی بہتری اور شہری سہولیات کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور صوبہ تیزی سے ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔

نواز شریف نے زور دیا کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت برقرار رکھی جائے، کیونکہ این ایف سی ایوارڈ تمام اکائیوں کا بنیادی حق ہے اور اس میں کسی طرح کی تاخیر یا غفلت نہیں ہونی چاہیے۔