بریکنگ نیوز

اڈیالہ جیل کے قریب پی ٹی آئی دھرنا ختم

دسمبر 10, 2025 admin
اڈیالہ جیل کے قریب پی ٹی آئی دھرنا ختم

 

اڈیالہ جیل کے قریب فیکٹری ناکے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں اور کارکنوں کا دھرنا رات 2 بجے پولیس نے ختم کرا دیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینن کا استعمال کیا، جس کی زد میں سینیٹر مشتاق بھی آگئے جو عمران خان کی بہنوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پہنچے تھے۔

پولیس اور کارکنوں کے درمیان کشیدگی کے دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا گیا، جبکہ پولیس نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر کارکنوں نے جیل کے قریب دھرنا جاری رکھا ہوا تھا۔ پولیس نے علیمہ خان اور دیگر رہنماؤں کو فیکٹری ناکے پر روکا، جہاں علیمہ خان مسلسل کارکنوں کو پرامن رہنے اور خواتین کی موجودگی کی وجہ سے پیچھے ہٹنے کی ہدایت کرتی رہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ پولیس سے کوئی لڑائی نہیں، پولیس والے ہمارے بھائی ہیں، وہ خود بھی پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی، حالانکہ پچھلی ملاقات میں کوئی سیاسی بات نہیں کی گئی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ عمران خان کو کس کے حکم پر قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

پولیس اور دھرنے کی قیادت کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے جو ناکام رہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے 5 گاڑیاں واپس کر دیں جبکہ مظاہرین نے تمام ضبط شدہ گاڑیاں واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔ پولیس نے خیبر پختونخوا سے آنے والی 14 سرکاری و نجی گاڑیاں قبضے میں لے کر تھانے منتقل کی تھیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے مؤقف اختیار کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کی گئی ہے، اس لئے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے امکانات صفر ہیں۔ ان کے مطابق ملاقات کسی کی خواہش پر نہیں بلکہ قانونی بنیادوں پر معطل ہے۔