بریکنگ نیوز

صدر مملکت نے انڈونیشیا کے صدر کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا

دسمبر 9, 2025 admin
صدر مملکت نے انڈونیشیا کے صدر کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا

 صدر مملکت نے انڈونیشیا کے صدر کو نشانِ پاکستان سے نواز دیا،اسلام آباد میں ایوانِ صدر میں ایک پروقار اور خصوصی تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے انڈونیشیا کے صدر پرابوو سوبیانتو کو نشانِ پاکستان سے نوازا۔ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور اعلیٰ عسکری قیادت نے شرکت کی۔

ایوانِ صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر گفتگو کی۔ صدر زرداری اور انڈونیشیا کے صدر نے مشترکہ اقدار، دیرینہ خیرسگالی اور تاریخی روابط پر مکمل اتفاق کا اظہار کیا۔

صدر پاکستان نے انڈونیشیا کے صوبہ سوماترا میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور جاں بحق افراد کے لیے دعائے مغفرت جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

دونوں صدور نے امن، استحکام اور خوش حالی کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی، برداشت کے فروغ، جامع ترقی، اور مستقبل کی شراکت داری کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔

دوطرفہ تجارت میں اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک نے تجارت میں تنوع اور توازن کی ضرورت پر زور دیا اور مشترکہ تجارتی کمیٹی کو کاروباری روابط مضبوط بنانے کے لیے مؤثر فورم قرار دیا۔

پاکستان اور انڈونیشیا نے آئی ٹی، زراعت، توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا، جبکہ موسمیاتی تبدیلی، آفات سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں پر بھی زور دیا گیا۔

تقریب میں دفاعی تعاون مضبوط بنانے، تربیت اور مشترکہ پیداوار میں اضافہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اسلاموفوبیا کے خلاف مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر پاکستان نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انڈونیشیا کے صدر کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔

تقریب کے بعد انڈونیشیا کے صدر کے اعزاز میں ایوانِ صدر میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے وزرا، اعلیٰ حکام اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔