بھارتی وزیرِ خارجہ کے اشتعال انگیز بیان بے بنیاد ہیں،پاکستان
اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ کے اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جس کے تمام ادارے، بشمول مسلح افواج، قومی سلامتی اور دفاع کے مضبوط ستون ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے ادارے ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے مکمل عزم کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مئی 2025 میں پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا پیشہ ورانہ اور مؤثر جواب دیا، جسے کسی بھی قسم کا پروپیگنڈا جھٹلا نہیں سکتا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک منظم اور مذموم پروپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد بھارت کے اپنے عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت پاکستان میں اپنی ریاستی سرپرستی میں جاری دہشت گردی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے، اور ایسے بیانات ثابت کرتے ہیں کہ نئی دہلی کو خطے کے امن، ہم آہنگی اور استحکام کی کوئی پروا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت کو پاکستان کی مسلح افواج پر بے بنیاد تبصرے کرنے کے بجائے انتہاپسند ہندوتوا نظریے کے سنگین نتائج کا جائزہ لینا چاہیے، جس نے بھارت میں ہجوم کے تشدد، ماورائے عدالت کارروائیوں اور عبادت گاہوں و املاک کی مسماری جیسے واقعات کو جنم دیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت مذہبی انتہا پسندی کے پھیلاؤ سے خود یرغمال بنا ہوا ہے، جبکہ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان قومی مفادات اور خودمختاری کے دفاع کے لیے متحد، مضبوط اور پُرعزم ہے۔
