بریکنگ نیوز

امریکا میں پاکستانی نژاد نوجوان گرفتار

دسمبر 4, 2025 admin
امریکا میں پاکستانی نژاد نوجوان گرفتار

امریکا میں پاکستانی نژاد نوجوان گرفتار،نوجوان نے گاڑی سے باہر آنے کے احکامات نہیں مانے اور مزاحمت کی

امریکی ریاست ڈیلاویئر میں پولیس نے پاکستانی نژاد امریکی شہری کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور مبینہ طور پر حملے کی منصوبہ بندی کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ لقمان خان کو 24 نومبر کی رات اس وقت حراست میں لیا گیا جب پولیس نے کینبی پارک ویسٹ کے علاقے میں ایک ٹرک کو روکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان نے گاڑی سے باہر آنے کے احکامات نہیں مانے اور مزاحمت کی، جس پر اسے موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

تفتیش کے دوران پولیس نے ٹرک سے پستول، میگزین اور ایک مبینہ منصوبہ بندی کی دستاویز برآمد کی۔ برآمد ہونے والے مواد میں یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کے پولیس اسٹیشن کا نقشہ، داخلی و خارجی راستوں کی نشاندہی اور ایک پولیس افسر کا نام بھی شامل تھا۔

گرفتاری کے اگلے روز ایف بی آئی نے ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے مزید جدید اسلحہ ملا۔ حکام کے مطابق لقمان خان پاکستانی نژاد امریکی شہری اور یونیورسٹی آف ڈیلاویئر کا طالب علم ہے۔ الزام ہے کہ وہ یونیورسٹی کے پولیس ڈپارٹمنٹ کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔

ملزم پر غیر قانونی مشین گن رکھنے اور حملے کی منصوبہ بندی کے الزامات لگائے گئے ہیں، اور اسے 11 دسمبر کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس کا پہلے کوئی مجرمانہ ریکارڈ سامنے نہیں آیا۔