مفتی منیب الرحمان ڈینگی میں مبتلا-شہرِ قائد کے ممتاز عالم دین اور سابق چیئرمین رویتِ ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے بعد منگل کے روز کراچی کے ایک نجی اسپتال میں داخل کر دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق اُن کی حالت سنبھل رہی ہے جبکہ ڈاکٹرز کی جانب سے مسلسل طبی نگرانی جاری ہے۔ سیاسی و سماجی حلقوں سمیت مختلف مذہبی رہنماؤں نے مفتی منیب الرحمان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے دعا کی اپیل کی ہے۔
مفتی منیب الرحمان ملک کے نامور مذہبی اسکالر اور رویتِ ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین رہ چکے ہیں اور علمی و دینی خدمات کے باعث انہیں علمی حلقوں میں نمایاں مقام حاصل ہے۔
واضح رہے کہ ڈینگی ایسا وائرس ہے جو مخصوص مچھر کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ ڈینگی لاروا صاف اور کھڑے پانی میں تیزی سے افزائش پاتا ہے، اس لیے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے پانی جمع نہ ہونے دینا، صفائی کا خیال رکھنا اور مچھروں کی افزائش روکنے کے اقدامات انتہائی ضروری ہیں۔
