ڈیرہ اسماعیل خان،سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن،22 دہشتگرد ہلاک
خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی گروپ فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی اور دورانِ آپریشن شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور علاقے میں ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وژن "عزم استحکام” کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھی ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کی افواج دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی ناکامی ہماری اولین ترجیح ہے اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں قوم کے تحفظ اور استحکام کے لیے قابلِ ستائش ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی اس کامیاب آپریشن کی ستائش کی اور سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے ایک بار پھر فتنہ الخوارج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا۔
