ہنزہ:التر گلیشیئر ٹوٹنے سے وادی شدید متاثر،موسمیاتی تبدیلی کی علامات
ہنزہ: وادی ہنزہ میں غیر معمولی موسمی صورتحال پیدا ہو گئی جب التر گلیشیئر کا ایک بڑا حصہ اچانک ٹوٹ کر نیچے آیا اور علاقے کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تیز اور سرد ہواؤں کے باعث وادی میں معمولات زندگی دوسرے روز بھی شدید متاثر ہیں۔ ماہرین کے مطابق ہنزہ میں برفانی تودے عام طور پر مارچ اور اپریل کے دوران گرتے ہیں، لیکن نومبر میں اس قسم کا واقعہ موسمیاتی تبدیلیوں کے بڑھتے اثرات کی نشاندہی کرتا ہے۔
التر گلیشیئر ہنزہ کے درجنوں گلیشیئرز میں سے ایک اہم گلیشیئر ہے، جس کے ٹوٹنے سے مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔ حکام نے صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے جبکہ ماہرین موسمیاتی تبدیلی کو اس واقعے کی اہم وجہ قرار دے رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گلیشیئر کے ٹوٹنے سے علاقے میں شدید ہوائیں اور ژالہ باری کا طوفان برپا ہوا، جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پایا گیا۔
