بریکنگ نیوز

پہلی خاتون فائٹر پائلٹ کی دسویں برسی آج

نومبر 24, 2025 admin

 

پہلی خاتون فائٹر پائلٹ کی دسویں برسی آج-جان کی قربانی دے کر جرات اور بہادری کی تاریخ رقم کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ، مریم مختیار کی دسویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔

مریم مختیار 18 مئی 1992ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور انہوں نے انٹرمیڈیٹ آرمی پبلک سکول و کالج ملیر کینٹ سے پاس کیا۔ وہ فٹبال کی بہترین کھلاڑی بھی تھیں اور نیشنل ویمن فٹبال چیمپئن شپ میں بلوچستان یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکی تھیں۔

سال 2014ء میں مریم مختیار پاکستان ایئر فورس میں بطور گریجویٹ شامل ہوئیں۔ ان کا تعلق پاک فضائیہ کے 132ویں جی ڈی پائلٹ کورس سے تھا، جس میں چھ دیگر خواتین بھی شامل تھیں۔ مریم مختیار پاک فضائیہ کے جنگجو پائلٹس میں شمار کی جاتی تھیں۔

24 نومبر 2015ء کو تربیتی طیارے پر معمول کی پرواز کے دوران میانوالی کے قریب جہاز میں فنی خرابی پیش آئی۔ بہادر مریم نے جہاز کا رخ غیر آباد علاقے کی طرف موڑ دیا، مگر زندگی نے مہلت نہ دی اور وہ دوران ڈیوٹی شہید ہو گئیں، اس طرح پاکستان کی پہلی خاتون فائٹر پائلٹ کا اعزاز حاصل کیا۔

شہید پائلٹ مریم مختیار کراچی ملیر کینٹ کے قبرستان میں سپرد خاک ہوئیں اور انہیں تمغہ شجاعت سے نوازا گیا۔ قوم آج اس نڈر اور دلیر بیٹی کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔