بریکنگ نیوز

روس کی پاک-بھارت اور پاک-افغان تنازعات میں ثالثی کی پیشکش

نومبر 19, 2025 admin
روس کی پاک-بھارت اور پاک-افغان تنازعات میں ثالثی کی پیشکش

روس کی پاک-بھارت اور پاک-افغان تنازعات میں ثالثی کی پیشکش

اسلام آباد — روس نے پاکستان، بھارت اور پاکستان، افغانستان کے درمیان جاری تنازعات میں ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو علاقائی کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ میں کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ یہ اعلان پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے اسلام آباد انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

روسی سفیر کے مطابق جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اکثر بیرونی قوتوں کی مداخلت سے شدت اختیار کرتی ہے، جبکہ روس دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور علاقائی امن کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دو ہمسایہ ممالک کے ساتھ تنازعات میں ثالثی کے لیے روس تیار ہے اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر ماسکو کو خاص تشویش ہے۔

اپنے خطاب میں البرٹ پی خوریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ روس علاقائی، معاشی اور سماجی ترقی کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا خواہش مند ہے۔ ان کے مطابق پاکستان خطے میں ایک اہم شراکت دار کی حیثیت رکھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کے "گریٹر یوریشین پارٹنرشپ” وژن کے مطابق علاقائی مسائل کا حل علاقائی فریقین کے باہمی تعاون سے ممکن ہے، اور روس اسی اصول کے تحت خطے میں مصالحت کا کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔