نامزد وزیراعظم آزادکشمیر عہدے سے مستعفی ہوگئے۔نامزد وزیراعظم نے وزیر بلدیات و دیہی ترقی کی وزارت سے استعفیٰ دیاہے جوانہوں نے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق کو بھجوا دیاہے۔
فیصل ممتاز راٹھور نے استعفے کے متن میں لکھاہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے وزیراعظم آزاد کشمیرچوہدری انوارالحق کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی ہے جس کا حصہ بننے کے باعث میں نے وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کیاہے۔
انہوں نے استعفے میں مؤقف اختیارکیاہے کہ اتحادی حکومت میں رہ کر آزاد کشمیر کے مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کی،پارٹی پالیسی کے مطابق عدم اعتماد میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیاہے،اب ایم ایل اے کی حیثیت سے سیاسی ذمہ داری نبھاؤں گا۔
وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری آج مظفرآباد قانون ساز اسمبلی میں ہوگی، ذرائع کے مطابق رائے شماری کامیاب ہونے پر نامزد وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کل وزارت عظمیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔
ذرائع کے مطابق حلف کی تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی شریک ہوں گے۔
