کوٹلی:کباڑ کی دکان میں دھماکے،3افراد جاں بحق
تحصیل کوٹلی کے علاقے تتہ پانی بازار میں آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک سکریپ (کباڑ) دکان میں دھماکہ ہوا۔ اس المناک حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹر پوری توجہ کے ساتھ ضروری طبی سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122، حساس اداروں کے ساتھ ساتھ سول ڈیفنس کی بم ڈسپوزل ٹیم نے بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لیا اور سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کا آغاز کیا۔ شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں اور تحقیقات مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشہ ورانہ انداز میں جاری ہیں۔ دھماکے کی نوعیت اور اسباب کے تعین کے لیے تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر سرگرم عمل ہیں ۔ڈپٹی کمشنر کوٹلی کی ہدایت پر انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے اور متاثرہ مقام سمیت اردگرد کے علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ عوام کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، لہٰذا شہریوں سے گزارش ہے کہ پرسکون رہیں، افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات پر کان نہ دھریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔ڈپٹی کمشنر کوٹلی نے جاں بحق افراد اور زخمیوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہے اور تمام ضروری اقدامات بروقت کیے جا رہے ہیں۔
