کچہری دھماکا کیس میں اہم پیش رفت،خودکش جیکٹ تیار کرنے والا گرفتار-اسلام آباد کچہری خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے،
جہاں ایک اور سہولت کار سمیت وہ درزی بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جس نے حملے میں استعمال ہونے والی خودکش جیکٹ تیار کی تھی۔
ذرائع کے مطابق گرفتار سہولت کار نے خودکش حملہ آور کو سہولیات فراہم کیں۔ خودکش جیکٹ پشاور میں تیار کی گئی تھی، جہاں اس کے لیے بارودی مواد بھی پہنچایا گیا تھا۔ سہولت کار جیکٹ کو گُڑ کی بوری میں چھپا کر پشاور سے اسلام آباد لایا اور تین روز تک اسے ایک درخت کے نیچے چھپا کر رکھا۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ یہی جیکٹ کچھ دن ایک ٹیلر کے پاس بھی رہی، جسے اس کی نوعیت کا علم تھا۔ درزی کو انٹیلیجنس اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے حراست میں لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی سہولت کار کی گرفتاری کے بعد مزید اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ ملزم نے فتنۃ الخوارج سے رابطوں کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
