بریکنگ نیوز

27ویں ترمیم پر تحفظات،سپریم کورٹ بعد لاہور ہائیکورٹ جج بھی مستعفی

نومبر 15, 2025 admin
27ویں ترمیم پر تحفظات،سپریم کورٹ بعد لاہور ہائیکورٹ جج بھی مستعفی

27ویں ترمیم پر تحفظات،سپریم کورٹ بعد لاہور ہائیکورٹ جج بھی مستعفی

اسلام آباد/لاہور: سپریم کورٹ کے سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کے مستعفی ہونے کے دو روز بعد لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شمس محمود مرزا نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے بعد لاہور ہائیکورٹ سے پہلے احتجاجی استعفیٰ سامنے آیا ہے۔ جسٹس شمس محمود مرزا نے اپنا استعفیٰ ایوانِ صدر کو بھجوا دیا ہے جبکہ انہوں نے عدالتی چیمبر بھی خالی کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق ترمیم کے بعد جسٹس شمس محمود مرزا کے تبادلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ وہ لاہور ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کے رکن بھی تھے۔

جسٹس شمس محمود مرزا نے 22 مارچ 2014 کو ایڈیشنل جج کی حیثیت سے لاہور ہائیکورٹ میں حلف اٹھایا تھا اور انہیں 2028 میں ریٹائر ہونا تھا۔ وہ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ضیا محمود مرزا کے صاحبزادے ہیں۔ رواں سال جنوری میں ان کے خلاف سرکاری وکیل کی طرف سے سپریم جوڈیشل کونسل میں ایک ریفرنس بھی دائر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ نے 13 صفحات پر مشتمل اپنے استعفے میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم آئینِ پاکستان پر ’’سنگین حملہ‘‘ ہے اور اس ترمیم نے سپریم کورٹ کو ’’ٹکڑے ٹکڑے‘‘ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ انہوں نے دیانت داری کے ساتھ نظامِ عدل کی خدمت کی اور صاف ضمیر کے ساتھ عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔

عدالتی حلقوں میں اس تازہ استعفے کو ملک کی اعلیٰ عدلیہ میں جاری غیر معمولی صورتحال کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔