وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع-وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوارالحق کے خلاف پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کروا دی گئی۔
پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی نے اس تحریک پر 17 سے زائد ارکان کے دستخط جمع کیے ہیں۔ تحریک جمع کرانے والوں میں جاوید ایوب، قاسم مجید، رفیق نیئر، ملک ظفر اور علی شان سونی شامل ہیں۔
اسی دوران پیپلز پارٹی نے فیصل راٹھور کو وزیراعظم آزاد کشمیر کے امیدوار کے طور پر نامزد بھی کر دیا ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پارٹی اہم فیصلے ہمیشہ مشاورت سے کرتی ہے، اسی لیے تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے اور مطلوبہ تعداد بھی پوری ہے، اس لیے کسی اضافی حمایت کی ضرورت نہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے لیے ہمیشہ اہم رہا ہے اور پارٹی کی کوشش ہوگی کہ کشمیریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں۔
