بریکنگ نیوز

27ویں آئینی ترمیم:محمود خان نے بل کی کاپی پھاڑ دی

نومبر 12, 2025 admin
27ویں آئینی ترمیم:محمود خان نے بل کی کاپی پھاڑ دی

27ویں آئینی ترمیم:محمود خان نے بل کی کاپی پھاڑ دی۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں 27ویں آئینی ترمیم پر گرماگرم بحث کے دوران پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے بل کی کاپی پھاڑ دی۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر سردار ایاز صادق کر رہے تھے۔ اظہارِ خیال کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ یہ حکومت فارم 47 پر قائم کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ایوان میں ایسے افراد بھی موجود ہیں جو شکست کے باوجود رکنِ اسمبلی بنائے گئے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا ایسی پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کا اختیار دیا جا سکتا ہے؟ ان کے مطابق پاکستان میں عوام کی حکمرانی کا راستہ روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ آج پاکستان کے آئین میں غیر جمہوری نوعیت کی ترمیم کی جا رہی ہے، جس پر افسوس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوری اور غیر جمہوری قوتوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بانی تحریک انصاف اچھے یا برے، جو بھی ہیں، مگر انہیں وزیراعظم بننے دیا گیا۔ ملک کی اعلیٰ عدلیہ نے ان کی جماعت کا انتخابی نشان چھین لیا، لیکن تحریک انصاف نے مختلف نشانوں پر الیکشن لڑ کر ملک کی سیاست بدل دی۔

اس موقع پر اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ حکومت اور وزیراعظم نے کئی مرتبہ مذاکرات کی دعوت دی ہے، وزیر قانون نے بھی بات چیت کی پیشکش کی ہے، آج بھی دعوت دیتا ہوں، آئیں بیٹھ کر بات کریں۔

تاہم محمود اچکزئی نے جواب دیا کہ آپ سے بات نہیں ہو سکتی کیونکہ آپ حقیقی نمائندے نہیں ہیں۔

اس پر اسپیکر نے کہا کہ میں آپ کے لیڈر کو دو بار ہرا کر آیا ہوں، میرے خلاف کوئی پٹیشن نہیں، آپ مکالمے سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، بات چیت ہی سے مسائل حل ہوں گے۔

اسی دوران چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ مذاکرات میں حصہ لینے کی کوشش کی، مگر ہمارے ارکانِ اسمبلی کو پارلیمنٹ ہاؤس سے اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو ہمارے کارکنوں نے جانوں کی قربانیاں دیں، ہم پاکستان کے ساتھ تھے اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے، ہمارے وزیر اعلیٰ کو اپنے قائد سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔

اسپیکر ایاز صادق نے جواب میں کہا کہ میرا کام مذاکرات کی سہولت کاری کرنا ہے، اختلافات کے باوجود بات چیت کا دروازہ بند نہیں ہونا چاہیے۔