وانا آپریشن،تمام طلبہ اور اساتذہ با حفاظت ریسکیو
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں قائم کیڈٹ کالج کے اندر موجود تین افغان خوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تمام طلبہ اور اساتذہ کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا ہے اور کسی بھی کیڈٹ کو نقصان نہیں پہنچا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن اب اپنے حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور اسے جامع حکمتِ عملی کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے واضح کیا ہے کہ آخری خوارج کے خاتمے تک کارروائی جاری رہے گی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق تینوں حملہ آوروں کو کالج کی ایک مخصوص عمارت تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔ فورسز کی پیش قدمی انتہائی احتیاط کے ساتھ جاری ہے تاکہ کسی قسم کا جانی نقصان نہ ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام طلبہ اور اساتذہ کے حوصلے بلند ہیں اور سیکیورٹی ادارے مکمل کنٹرول میں ہیں۔ آپریشن کے دوران علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور غیر متعلقہ افراد کا کالج کی جانب آنا جانا بند کر دیا گیا ہے۔
