فوجی تربیت میں نشانہ بازی لازمی ہے،فیلڈ مارشل- پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق، 45ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن (PARA) سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب جہلم میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس مقابلے میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ، سول آرمڈ فورسز اور صوبائی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی، اور 45ویں PARA سنٹرل میٹ میں دو ہزار سے زائد شوٹرز نے حصہ لیا۔
پاک فوج نے تمام چار انٹر سروسز میچز جیت کر تیسری انٹر سروسز کامبیٹ شوٹنگ چیمپئن شپ 2025 اپنے نام کی۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ پروفیشنسی میچ گروپ-ون میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ سپاہی محمد عرفان کو ماسٹر ایٹ آرمز کا اعزاز ملا۔ آرمی مارکس مین شپ یونٹ کے نائب صوبیدار عمر فاروق نے آرمی ہنڈرڈ رائفل میچ ٹرافی حاصل کی۔
اس موقع پر آرمی چیف نے شرکاء کی بہترین نشانہ بازی کو سراہا اور کہا کہ "شوٹنگ میں مہارت فوجی تربیت کا بنیادی جزو رہنی چاہیے۔”
بعد ازاں، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملٹری کالج جہلم کی سو سالہ تقریبات میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے سینٹینری یادگار اور کالج میوزیم کا افتتاح کیا اور کالج کی ایک صدی پر محیط شاندار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ ملٹری کالج جہلم نے قیادت، نظم و ضبط اور حب الوطنی کو فروغ دیا، اور یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے۔
آمد کے موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی اور انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن (IGT&E) نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا باقاعدہ استقبال کیا۔
